60 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے ہدف کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی میں مزید تیزی لائی جائے، سیکرٹری زراعت پنجاب

منگل 1 جولائی 2025 21:06

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ 60 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے ہدف کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی میں مزید تیزی لائی جائے۔یہ بات انہوں نے منگل کو کپاس کی صورتحال بارے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق کپاس کی حالت بہت اچھی ہے، حالیہ بارشوں سے بھی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگیتی کپاس کی چنائی جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگیتی کپاس کی پہلی چنائی 07 سے 09 من فی ایکڑ حاصل ہو رہی ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ پی سی جی اے سے مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں اب تک 26 کاٹن فیکٹریاں آپریشنل ہو چکیں ہیں۔

(جاری ہے)

کراپ رپورٹنگ سروس کے مطابق 45 ہزار گانٹھ کے برابرپھٹی کی چنائی ہو چکی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کپاس کے علاقوں میں 41 سہولت سینٹرز قائم کئے گئے ہیں اور ان سہولت سینٹرز پر 15 سے 20 فیصد رعائیت پر معیاری زرعی ادویات کی فراہمی جاری ہے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں،عامر رسول اور ڈاکٹر عبدالقیوم، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :