لاہور ہائیکورٹ، سموگ تدارک کیس،ڈائریکٹر ماحولیات چار جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب

منگل 1 جولائی 2025 21:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ڈائریکٹر ماحولیات کو چار جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،عدالت نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹر ماحولیات عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی مفصل رپورٹ پیش کریں،عدالت نے واسا حکام سے بھی رپورٹ طلب کر لی،عدالت نے محکمہ ماحولیات کو انسپکشن ٹیموں کی تشکیل کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ ٹیمیں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائیں،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی، جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے،منگل کو دوران سماعت واسا کے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم ،ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ ،اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ،ممبران ماحولیاتی کمیشن سمیت دیگر محکموں کے کے افسران عدالت میں پیش ہوئے،محکمہ ماحولیات کے لا ءافسر نے عدالت میں عملدرآمد رپورٹ پیش کی،جس میں بتایا گیا کہ دھواں چھوڑنے والی بڑی گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے صوبے بھر میں11 انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں،عدالت کو بتایا گیا کہ محکمہ ماحولیات کی نئی فورس کے 75 ملازمین وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ ٹیموں کی شکل میں شہر میں ڈیوٹی کر رہے ہیں،نئی فورس کے75 ملازمین وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ ٹیمیں21 مقامات پر بوتھوں میں کام کر رہے ہیں،نئی فورس کے پندرہ سکواڈز دو دو اہلکاروں پر مشتمل ہیں،وہ موبائل ٹیسٹنگ کر رہے ہیں،سات جگہوں پر نئی فورس کے اہلکار مانیٹرنگ کی ڈیوٹی کر رہے ہیں،جسٹس شاہد کریم نے ڈائیریکٹر لیگل محکمہ ماحولیات سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت آپ کی اس رپورٹ سے مطمئن نہیں،نئی فورس کے اہلکاروں کو بوتھوں پر ایمیشن ٹیسٹنگ کی بجائے دھواں دینے والی بڑی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہئیے ،عدالت نے استفسار کیا کہ محکمہ ماحولیات کی وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ ٹیمیں دھواں دینے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کر رہی،عدالت نے حکم دیا کہ محکمہ ماحولیات والے ماحولیاتی کمیشن سے میٹنگ کرکے جمعہ کو رپورٹ پیش کریں،عدالت نے کیس کی مزید سماعت4 جولائی تک ملتوی کردی۔