ژ*لاہور ہائیکورٹ کا وہیکل ایمیشن فورس کی کارکردگی اور رپورٹ پر عدم اطمینان

ھ*جسٹس شاہد کریم نے سموگ سے متعلق کیس کی سماعت میں فورس کی حکمت عملی پر سوال اٹھا دیے ٴْ دھواں چھوڑنے والی کمرشل گاڑیوں کیخلاف مؤثر کارروائی کی جائے،عدالت کی ہدایت،سماعت ملتوی

منگل 1 جولائی 2025 21:00

Sلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء)لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ماحولیات کی نئی فورس کی تعیناتی اور وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ ٹیموں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات کی پیش کردہ رپورٹ کو ناکافی قرار دیا۔دوران سماعت ڈائریکٹر لیگل محکمہ ماحولیات محمد نواز مانک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نئی فورس کے 75 اہلکار وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ ٹیموں کی شکل میں شہر کے 21 مقامات پر بوتھوں میں ڈیوٹی دے رہے ہیں، جبکہ 15 موبائل سکواڈز اور 7 مقامات پر مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات ہیں۔

تاہم جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ عدالت محکمہ ماحولیات کی اس حکمت عملی سے مطمئن نہیں ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ فورس صرف بوتھوں پر ٹیسٹنگ کرنے تک محدود کیوں ہے، دھواں چھوڑنے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف براہ راست کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی عدالت نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ ماحولیاتی کمیشن سے میٹنگ کر کے آئندہ سماعت پر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ، ماحولیاتی کمیشن کے ممبران اور دیگر محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی۔