ڈی پی او سیالکوٹ کا ضلع بھر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 2 جولائی 2025 11:32

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے محرم الحرام کی سکیورٹی کے سلسلہ میں امام بارگاہ چونڈہ، امام بارگاہ حسینیہ پسرور اور امام بارگاہ ڈسکہ مندراں والا کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے محرم الحرام کی سکیورٹی کے سلسلہ میں گزشتہ شب امام بارگاہ چونڈہ، امام بارگاہ حسینیہ پسرور اور امام بارگاہ ڈسکہ مندراں والا کا دورہ کیا اور منتظمین و بانیان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اس امر کو یقینی بنانے کیلئے سیالکوٹ پولیس کا ہر افسر اور جوان بھرپور عزم کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینہ میں سوشل میڈیا پر شرانگیز عناصر کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ مذہبی منافرت ، فرقہ واریت، اشتعال انگیزی پھیلانے والے امن دشمن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈیوٹی پر موجود افسران و ملازمان کو بریفنگ بھی دی۔