ایبٹ آباد پولیس کا محرم الحرام کے سلسلے میں فلیگ مارچ

بدھ 2 جولائی 2025 16:08

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ضلعی پولیس سربراہ عمر طفیل کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو مزید موثر بنانے اور شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے بھرپور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ ایبٹ آباد پولیس کے مطابق فلیگ مارچ کی قیادت ایس پی کینٹ راجہ محبوب نے کی، جس میں ایلیٹ فورس، ٹریفک وارڈنز، پولیس کی ریزرو فورس، ابابیل سکواڈ اور دیگر ونگز کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

فلیگ مارچ کا آغاز پولیس لائن ایبٹ آباد سے ہوا جو مرکزی بازار، سپلائی، کاکول روڈ، بائی پاس اور منڈیاں سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائن میں اختتام پذیر ہوا۔ راستے میں پولیس کی گاڑیوں کے سائرن، نظم و ضبط اور بھرپور موجودگی نے شہریوں میں اعتماد اور اطمینان پیدا کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار ہے اور تمام جلوسوں و مجالس کی سکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت الرٹ ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔