محکمہ زراعت، 15 جولائی تک کپاس کے ضرر رساں کیڑوں کے تدارک کیلئے حکمت عملی جاری

بدھ 2 جولائی 2025 18:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے 15جولائی تک کپاس کے ضرر رساں کیڑوں کے تدارک کیلئے حکمت عملی جاری کردی۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکار سفید مکھی کے تدارک کیلئے اگیتی فصل کی خاص طور پر ہفتے میں دوبار پیسٹ سکاٹنگ کریں اور کپاس کی فصل کے کھیت اور اسکے اردگرد جڑی بوٹیوں کا خاتمہ کریں۔

اس کے علاوہ متبادل میزبان فصلات پر سفید مکھی کا بر وقت تدارک کریں۔ کاشتکار کپاس کی فصل کو پانی کی کمی ہر گز نہ آنے دیں اور فصل کی ضرورت اور موسمی حالات کے مطابق آبپاشی کریں۔سفید مکھی کے کنٹرول کیلئے20 پیلے چکنے والے کارڈز فی ایکٹر لگائیں اور ہر15 دن کے وقفے کے بعد چپکنے والا گلو دوبارہ لگائیں۔سفید مکھی کے نقصان کی معاشی حد 5 بالغ یا بچہ یا دونوں ملا کر فی پتہ ہو تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملہ کے مشورہ سے سپرے کریں۔

(جاری ہے)

کاشتکار ایک ہی کیمسٹری کی زرعی زہروں کے بار بار استعمال سے گریز کریں اور سپرے سے پہلے سپرے مشین کی کیلی بریشن کریں۔سپرے کیلئے ترجیحا ہالوکون نوزل/ پاور سپرئیرکا استعمال کریں۔ ترجمان نے کہا کہ کپاس کے کاشتکار چست تیلے کے تدارک کیلئے متبادل میزبان فصلات خاص طور پر کپاس کے کھیت کے قریب بھنڈی اور بینگن پر چست تیلے کو کنٹرول کریں۔

چست تیلے کے نقصان کی معاشی حد اگر ایک بالغ یا بچہ فی پتہ یا اس سے زیادہ ہو جائے تو محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورہ سے زرعی زہروں کا سپرے کریں۔ اگر کپاس کی فصل پر تھرپس کا حملہ ہو تو اس کے کنٹرول کیلئے ہفتے میں کم از کم دو بار پیسٹ سکاٹنگ کریں۔کپاس کی فصل کے کھیت اور اسکے ارد گرد جڑی بوٹیوں کا خاتمہ یقینی بنائیں۔

کپاس کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دی جائے کیونکہ تھر پس سب سے زیادہ نقصان گرم اور خشک موسم میں ہی کرتا ہے۔اگر زہر پاشی کرنی مقصود ہو تو محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے عملہ کے مشورے سے معاشی نقصان کی حد 8 سے 10 بالغ یا بچے فی پتہ ہو جائے تو کریں۔کپاس کے کاشتکارگلابی سنڈی کے حملے کا بر وقت پتہ لگانے کے لئے ہفتے میں دو بار کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاٹنگ کریں۔مانیٹر نگ کیلئے گلابی سنڈی کے جنسی پھندے 1 تا 2 عددفی ایکڑ جبکہ اس کے مکمل کنٹرول کے لئے9 تا12 جنسی پھندے فی ایکٹر لگائیں اور ہر15 دن کے وقفے سے فیرومون کیپسول کو تبدیل کریں یا لمبے عرصے والے فیرومون استعمال کریں۔اس کے علاوہ ٹرائیکو گر اما کارڈز20 عدد فی ایکڑ لگائیں اور ہر15 دن کے بعد کارڈز دوبارہ تبدیل کر لیں۔