بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور مستقبل میں بجلی ضروریات پوری کرنے کے لئے نئے 132KV پاکپتن۔IIگرڈاسٹیشن کا منصوبہ مکمل کرلیاگیا ہے، سی ای او میپکو

بدھ 2 جولائی 2025 23:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کہا ہے کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور مستقبل میں بجلی ضروریات پوری کرنے کے لئے نئے 132KV پاکپتن۔IIگرڈاسٹیشن کا منصوبہ مکمل کرلیاگیا ہے، نئے گرڈاسٹیشن کی تکمیل سے پاکپتن میں کاروبار اور ترقی کی نئی لہر آئے گی، پاکپتن IIگرڈاسٹیشن سے نئے علاقوں اور منصوبوںکو بجلی مہیاہوگی اور پہلے سے منسلک علاقوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی ہوجائے گی۔

بدھ کو اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ شعبہ گرڈسسٹم کنسٹرکشن کی جانب سے مکمل ہونے والے منصوبے پر ایک ارب 27کروڑروپے لاگت آئی ہے۔ اس موقع پر چیف انجینئر (ڈویلپمنٹ) پی ایم یو میپکو زاہد اختر نے بتایا کہ نئے بننے والے 132KVپاکپتن۔

(جاری ہے)

IIگرڈاسٹیشن کو 20/26ایم وی اے کے پاورٹرانسفارمر سے بجلی فراہمی بھی شروع کردی ہے۔ نئے گرڈاسٹیشن میں 40ایم وی اے استعدادکار کادوسرا پاور ٹرانسفارمر بھی نصب کیاجائیگا اس پاور ٹرانسفارمرکی تنصیب رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئے132KVپاکپتن۔IIگرڈاسٹیشن کو 132KVنورپور سرکٹ سے منسلک کیاگیاہے جسے بجلی سپلائی دینے کے لئے 27کلومیٹر طویل سنگل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن بچھائی گئی ہے۔ میپکو کی اپنی فنڈنگ سے قائم ہونے والے نئے گرڈاسٹیشن سے ہزاروں گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی ٹیوب ویل صارفین بجلی کی تسلسل کے ساتھ فراہمی سے مستفیدہوں گے۔ ایڈیشنل چیف انجینئر جی ایس سی سید محمد مبشررضوی نے کہا کہ نئے گرڈاسٹیشن کے لئے زمین کی خریداری اور بائونڈری وال کی تعمیر پر ساڑھے 5کروڑ روپے، گرڈاسٹیشن کا تخمینہ لاگت 70کروڑ80لاکھ روپے، 27کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے پر 41کروڑ90لاکھ روپے، گرڈاسٹیشن کے اندر رہائشی کالونی کی تعمیر پر 4 کروڑروپے اور 132KVنور پور گرڈ اسٹیشن پر ایک لائن بے کی تعمیر پر 4 کروڑ 80لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس گرڈاسٹیشن کی تعمیر کا بنیادی مقصد موجودہ 132KVپاکپتن۔Iگرڈاسٹیشن پر لوڈ کم کرنا ہے جبکہ نئے منصوبے سے نور پور۔ پاکپتن۔I ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر سے پرانی ٹرانسمیشن لائن پر بوجھ کم ہو جائے گااور علاقے میں وولٹیج بہتر ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :