غزہ ، امریکی کنٹریکٹرزکا بھوک سے نڈھال فلسطینیوں پرگولیاں چلانے کا انکشاف

سیکیورٹی اہلکاروں کو مبینہ طور پر کسی بھی مشتبہ شخص کی تصویر لینے کی ہدایت دی گئی تھی،کنٹریکٹرز

جمعرات 3 جولائی 2025 16:14

غزہ ، امریکی کنٹریکٹرزکا بھوک سے نڈھال فلسطینیوں پرگولیاں چلانے کا ..
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)غزہ میں امریکی سیکیورٹی کنٹریکٹرز کی جانب سے خوراک کے لیے جمع فلسطینیوں پر فائرنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ غزہ میں امدادی مراکز پر تعینات امریکی سیکیورٹی کنٹریکٹرز نے خوراک کے لیے جمع بھوک سے نڈھال فلسطینیوں پر براہِ راست گولیاں چلائیں، اسٹن گرینیڈز اور مرچ اسپرے کا بھی استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات بغیر کسی واضح خطرے کے کیے گئے۔ دو امریکی کنٹریکٹرز نے بتایا کہ سیکیورٹی عملہ غیر تربیت یافتہ اور بھاری اسلحے سے لیس تھا۔ویڈیوز میں کنٹریکٹرز کو اسرائیلی ٹینکوں کے ذریعے طاقت کا مظاہرہ کرنے کی بات کرتے سنا گیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ امدادی مرکز میں چہرے کی شناخت کرنے والے کیمرے بھی نصب تھے، جن کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کی جاتی ہے اور معلومات اسرائیلی فوج کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

کنٹریکٹرز کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کو مبینہ طور پر کسی بھی مشتبہ شخص کی تصویر لینے کی ہدایت دی گئی تھی، جسے بعد میں ڈیٹا بیس میں شامل کیا جاتا ہے۔اسرائیلی حمایت یافتہ اور امریکی امداد سے چلنے والی غزہ ہیومینیٹرین فانڈیشن نے انٹیلی جنس جمع کرنے کے الزامات کی تردید کی ہے۔