پلاسٹک کا استعمال کینسر سمیت دیگر مہلک امراض کی وجہ بن سکتا ہے

پلاسٹک بیگز تھوڑی سی آسانی لاتے مگر صدیوں تک ماحول میں تباہی پھیلاتے ہیں، پنجاب روز بروز پلاسٹک فری ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 جولائی 2025 19:53

پلاسٹک کا استعمال کینسر سمیت دیگر مہلک امراض کی وجہ بن سکتا ہے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 03 جولائی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ الحمد للہ پنجاب روز بروز پلاسٹک فری ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پلاسٹک بیگز کی جگہ ماحول دوست کپڑے اور کاغذ کی تھیلیوں کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پلاسٹک بیگ فری ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ پلاسٹک بیگز روزمرہ زندگی میں تھوڑی سی آسانی لاتے ہیں مگر صدیوں تک ماحول میں رہ کر تباہی پھیلاتے ہیں۔

انسان اپنی زمین، دریا، فضا، فصلوں اور صحت کو پلاسٹک کی آلودگی سے نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پلاسٹک بیگز زمین کی زرخیزی ختم، نکاسی آب کے نظام بند اور آبی حیات کو ختم کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ پلاسٹک کا استعمال کینسر سمیت دیگر مہلک امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کے خاتمے کے لئے مارکیٹوں اور فیکٹریوں میں ماحولیات کے قوانین پر عمل درآمد کا کلچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

سکولوں، کالجوں، اور کمیونٹیز میں پلاسٹک فری پنجاب کا شعور اور آگاہی کی مہم جاری ہیں۔ پنجاب میں ری سائیکلنگ کے دوست متبادل متعارف کرائے جارہے ہیں۔ دوسری جانب عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی کامشن، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں 6فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور میں علی الصبح کریک ڈاؤن کیا، بکر منڈی، ٹولنٹن مارکیٹ، ٹیمپل روڈ، ٹھوکر، نشتر بازار، جی 1،گلبرگ،جوہر ٹاؤن میں آپریشن کے دوران 3لاکھ 91ہزار لیٹر دودھ، ایک لاکھ 5ہزار کلو مرغیاں اور 110ریسٹورنٹس اورناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، تفصیلات کے مطابق 1200 لیٹر ناقص دودھ،650 کلوبیمار مرغیاں تلف کر کے ناقص انتظامات پر 3معروف ناشتہ پوائنٹس بند کر کے ایک مقدمہ درج کروایا گیا علاوہ ازیں 42 فوڈ پوائنٹس کو 13لاکھ 20ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن استعمال کرنے پر 3ناشتہ پوائنٹس کو بند کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا صفائی کے ناقص انتظامات پر 42فوڈپوائنٹس کو 13لاکھ 20ہزار جرمانہ عائد کیا گیا، بکر منڈی میں گودام سے مضر صحت 100کلوگوشت برآمد کر کے تلف کیا گیا، بدبودار، حشرات زدہ گوشت برآمد ہونے پرمقدمہ درج کروا دیا گیا۔