ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نےجنوبی وزیرستان لوئر میں زخمی ایس ڈی پی او برمل سرکل کی عیادت کی

جمعہ 4 جولائی 2025 14:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سید اشفاق انور نے علاقہ تھانہ توئی خولہ ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں نامعلوم دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے ایس ڈی پی او برمل سرکل رخمین خان کی عیادت کے لئے مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹروں نے زخمی ایس ڈی پی او کے علاج معالجہ کے حوالے سے آر پی او ڈیرہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا ،جس پر آر پی او ڈیرہ نے کہا کہ زخمی ایس ڈی پی او کے علاج معالجے کے لئے تمام وسائل اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے زخمی ایس ڈی پی او کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کرسکتےبلکہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور محکمہ کو ایسے پولیس جوانوں پر فخر ہے جو امن وامان کے لئے دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا رہے ہیں۔اس موقع پر آر پی او ڈیرہ نے ایس ڈی پی او کے ورثا سےملاقات کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی جانب سے اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے اور زخمی اہلکار کو بہتر علاج ومعالجہ فراہم کر نے کی یقین دہانی کر ائی۔