بابر اور رضوان کی غلطیوں کی نشاندہی کردی، عاقب جاوید

مختصر کیمپ میں تکنیکی خامیوں کو دور نہیں کیا جا سکتا تاہم کھلاڑیوں کو ان شعبوں کے بارے میں رہنمائی کی جا سکتی ہے‘گفتگو

ہفتہ 5 جولائی 2025 13:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہاہے کہ اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ میں بابر اور رضوان کو غلطیاں بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ کے آخری دن قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے اس بات پر زور دیا کہ اس کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ کھلاڑی باقاعدہ سیزن سے باہر مصروف رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ مختصر کیمپ میں تکنیکی خامیوں کو دور نہیں کیا جا سکتا تاہم کھلاڑیوں کو ان شعبوں کے بارے میں رہنمائی کی جا سکتی ہے جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا، ''آپ چھ یا سات دنوں میں غلطیوں کو ٹھیک نہیں کر سکتے لیکن آپ کھلاڑیوں کو یہ ضرور بتا سکتے ہیں کہ ان سے کیا توقع کی جاتی ہے۔ خیال یہ تھا کہ انہیں آف سیزن کے دوران بھی ایکشن میں رکھا جائے۔

عاقب نے بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے سینئر کھلاڑیوں کی شمولیت پر کہا کہ دونوں نے کیمپ میں شرکت کی اور بہتری کے شعبوں پر رائے لی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بابر اور رضوان دونوں کے ساتھ کام کیا اور انہیں بتایا کہ کھیل کو کیسے بہتر بنایا جائے۔عاقب جاوید نے مزید کہا کہ یہ پریکٹس نومبر تک جاری رہے گی تاکہ ہم ہر کھلاڑی کا بیک اپ تیار کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :