یوم عاشور پر عزاداران کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے میر عبدالغفور ٹیچنگ اسپتال گوادر کیجانب سے خصوصی اقدامات

اتوار 6 جولائی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کے دوران زخمی ہونے والے عزاداران کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے میر عبدالغفور ٹیچنگ اسپتال گوادر کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ کی ہدایت پر ماہر ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسز پر مشتمل میڈیکل ٹیمیں جلوس کے راستوں پر تعینات کی گئیں، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عزاداران کے زخموں کی مرہم پٹی کی اور ضروری طبی سہولیات فراہم کیں۔

ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے تقدس، عزاداران کی خدمت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتال کا عملہ مکمل طور پر مستعد اور تیار تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمبولینس سروس کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا تھا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔شہریوں اور عزاداروں کی جانب سے اسپتال انتظامیہ اور میڈیکل ٹیموں کے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔