ضلعی انتظامیہ کاتجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ، 91 ٹرک سامان ضبط

پیر 7 جولائی 2025 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مشن جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کارروائیوں کے نتیجے میں شہر کی اہم شاہراہوں سے ناجائز تجاوزات کا صفایا کیا گیا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران کیے گئے انسداد تجاوزات گرینڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 91 ٹرک سامان ضبط کیا گیا۔

کارروائی کے دوران سینکڑوں غیرقانونی بینرز، پوسٹرز اور سٹریمرز کو بھی ہٹا دیا گیا جبکہ کئی تھڑے اور مستقل رکاوٹیں موقع پر ہی مسمار کر دی گئیں۔انسداد تجاوزات مہم کے دوران مال روڈ، شادمان، جوہر ٹاون، گوال منڈی اور اطراف کے علاقوں میں بھرپور آپریشنز کیے گئے۔ اسی طرح کالج روڈ، ہربنس پورہ، نولکھا، کینال روڈ، نبی پورہ اور دیگر ملحقہ علاقوں سے بھی ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لاہور کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک شہر بنانے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کی بحالی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ ڈی سی لاہورنے کہا کہ شہریوں کو کشادہ سڑکیں اور بہتر ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :