حکومت کا بیرون ملک سے چینی کی خریداری پر کروڑ ڈالرز خرچ کرنے کا فیصلہ

شوگر ملز کو 7 لاکھ ٹن چینی کی بیرون ملک فروخت کی اجازت دینے کے بعد اب وفاقی کابینہ نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی

muhammad ali محمد علی منگل 8 جولائی 2025 18:10

حکومت کا بیرون ملک سے چینی کی خریداری پر کروڑ ڈالرز خرچ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی2025ء) حکومت کا بیرون ملک سے چینی کی خریداری پر کروڑ ڈالرز خرچ کرنے کا فیصلہ، شوگر ملز کو 7 لاکھ ٹن چینی کی بیرون ملک فروخت کی اجازت دینے کے بعد اب وفاقی کابینہ نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی، ایک سال کے دوران ساڑھے 7 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کے بعد اب 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت غذائی تحفظ نے بتایا کہ چینی کی درآمد حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی، فیصلہ چینی کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے کیا گیا ہے۔ وزارت غذائی تحفظ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چینی کی درآمد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، فوری عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے، چینی کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق چینی کی درآمد کا طریقہ ماضی کی حکومتوں سے مختلف اور واضح طور پر بہتر حکمت عملی کی نمائندگی کرتا ہے، ماضی میں اکثر چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قومی خزانے پر بوجھ ڈال کر سبسڈی پر انحصار کیا جاتا تھا- وزارت غذائی تحفظ کے مطابق موجودہ حکومت نے چینی برآمد کرنے کا فیصلہ اٴْس وقت کیا تھا، جب چینی وافر مقدار میں دستیاب تھی، اب چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے چینی درآمد کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ چینی کی ایکسپورٹ سے متعلق حکومتی کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں چینی کی قیمت 200 روپے سے اوپر جا چکی۔ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے مطابق حکومت کی جانب سے شوگر ملز کو چینی کی ایکسپورٹس کی اجازت دیے جانے کے بعد سے چینی 80 روپے مہنگی ہو چکی۔

متعلقہ عنوان :