محکمہ زراعت ،چاول (دھان) کی بہتر پیداوار کیلئے کاشتکاروں کو سفارشات جاری

منگل 8 جولائی 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے چاول (دھان) کی بہتر پیداوار کیلئے کاشتکاروں کو اہم زرعی سفارشات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سے پہلے 10 سے15 دن تک پانی کھڑا رکھیں اور اس کے بعد کدو کریں۔اگر پانی کی کمی ہو تو کم از کم7 دن تک پانی کھڑا رکھنے کے بعد کدو کریں جبکہ شدید پانی کی کمی کی صورت میں بھی کم از کم3 دن تک کھیت میں پانی کھڑا رکھنا ضروری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ زمین کو اچھی طرح ہموار کیا جائے تاکہ پانی کی صحیح ترسیل ممکن ہو سکے اور پیداوار میں اضافہ ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ دھان کے کاشتکار فی ایکڑ1 لاکھ60 ہزار پودے اگانے کا ہدف رکھیں،جس کیلئے9 انچ کے فاصلے پر80 ہزار سوراخ کئے جائیں اور ہر سوراخ میں2 پودے لگائے جائیں۔

(جاری ہے)

زنک کی کمی کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ جو کاشتکار پنیری میں زنک سلفیٹ استعمال نہیں کر سکے، وہ لاب لگانے کے10 دن بعد تک33 فیصد والا زنک سلفیٹ 6 کلوگرام فی ایکڑ ،27 فیصد والا زنک سلفیٹ 7.5 کلوگرام فی ایکڑ ،21 فیصد والا زنک سلفیٹ 10 کلوگرام فی ایکڑاستعمال کریں۔

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ ان سفارشات پر عمل کر کے دھان کی بہترین پیداوار حاصل کر سکتے ہیں اور غذائی قلت سے بھی بچ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :