سری لنکا نے بنگلہ دیش کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 99 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی

منگل 8 جولائی 2025 22:50

پالے کیلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) سری لنکا نے بنگلہ دیش کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 99 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 286 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سری لنکا کے کوسال مینڈس کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

منگل کو پالے کیلی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کوسال مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 124 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ کپتان چاریتھ اسلانکا نے 58 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 39.4 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ توحید ہردوئی 51 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو اور دشمانتھا چمیرا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین کارکردگی پر کوسال مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔