احمد ندیم قاسمی کی 19ویں برسی 10جولائی کو منائی جائے گی

بدھ 9 جولائی 2025 11:23

احمد ندیم قاسمی کی 19ویں برسی  10جولائی  کو منائی جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) معروف شاعر و افسانہ نگار احمد ندیم قاسمی کی 19ویں برسی (کل )10جولائی کو منائی جائے گی ۔ معروف ادیب،افسانہ نگار ،صحافی اور کالم نگاراحمد ندیم قاسمی 20نومبر 1916 کو پنجاب کے ضلع خوشاب میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام احمد شاہ جبکہ ندیم ان کا تخلص تھا۔انہوں نے بے شمار کتابیں لکھیں ادب کی ہر صنف میں طبع آزمائی کی لیکن انہوں نے شاعری اور افسانوں کے حوالے سے ملک گیر شہرت حاصل کی ۔

وہ ادبی رسالوں کے علاوہ صحافت سے بھی وابستہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعدد اخبارات اور رسائل میں بطور مدیر خدمات سرنجام دیں۔ انہوں نے ملک کے معروف اخبارات میں کالم نگاری کے ذریعے معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کی بھرپور انداز میں عکاسی کی ۔وہ پچاس سے زائد کتب کے مصنف تھے۔ ان کے شعری مجموعوں میں شعلہ گل،لوح خاک،محیط، دشت وفا ،جلال وجمال،رم جھم جبکہ افسانوی مجموعوں میں چوپال،سناٹا،گھر سے گھر تک،برگ حنا،گرداب،سیلاب،آنچل،آبلے،آس پاس اور درودیوار قابل ذکر ہیں۔احمد ندیم قاسمی کو تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔احمد ندیم قاسمی کا 10جولائی 2006 کو انتقال ہو گیا تھا۔