ٹی ایچ کیو کہوٹہ میں مبینہ طور پر خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات اور ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے پر دو ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا

بدھ 9 جولائی 2025 19:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو) کہوٹہ میں مبینہ طور پر خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات اور ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے دو ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے دھندے میں ملوث ہسپتال کے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ کے دونوں ملازمین کو معطل کردیا ہے اطلاعات کے مطابق ٹی ایچ کیو کہوٹہ کا ایکسرے ٹیکنیشن (ریڈیو گرافر) شکیل نہ صرف ایکسرے ڈیپارٹمنٹ میں آنے والی خواتین مریضوں کو جنسی ہراساں کرتا بلکہ ہسپتال کی خواتین سٹاف سے بھی نازیبا حرکات کرتا اور اس دوران ساتھیوں کی مدد سے ویڈیو بنا کر ان خواتین کو بلیک میل کرتا متاثرہ خواتین کی شکایات پر سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے مذکورہ ایکسرے ٹیکنیشن محمد شکیل اور وارڈ سرونٹ زین العابدین کو حراست میں لے کر راولپنڈی منتقل کردیا ہے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے بعد ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے دونوں ملازمین کو معطل کر کے دونوں کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی میں چیف ایگزیکٹو افسر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے اندر بڑی تعداد میں کلوز سرکٹ کیمرے نصب ہونے اور ایم ایس کے دفتر میں ان کی مانیٹرنگ کے باوجود ملزمان کافی عرصہ سے اس قبیح فعل کے مرتکب ہو رہے تھے لیکن ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی اب بعض متاثرہ خواتین کی شکایات پر سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے مجبورا دونوں کو معطل کیا ہے ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے دھندے کی مکمل چھان بین کر کے ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے۔