دیمک پر قابو پانے کیلئے عوامی شعورو آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، ماہرین جامعہ زرعیہ

جمعرات 10 جولائی 2025 14:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کہا کہ دیمک فصلوں اور درختوں کی تباہی میں اہم کردار ادا رکر رہی ہے نیز گندم کی فصل کے علاوہ کماد، کپاس، مرچ، مکئی، مونگ پھلی، پٹ سن، دالوں، ناریل، پھلدار درختوں، جنگلات، گھریلوباغیچوں اور عمارتوں میں استعمال ہونیوالی لکڑی کو بھی دیمک سے سخت نقصان پہنچ رہا ہے جس پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات اور عوامی شعور و آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایاکہ دیمک ایک سماجی کیڑا ہے جو زمین میں بڑے بڑے گھر بنا کر زندگی بسر کرتا ہے اور یہ تمام قسم کی زمینوں خصوصاًجہاں پانی کی کمی ہو وہاں کثرت سے پایا جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیمک کے حملہ سے درخت اور پودے مکمل طور پر سوکھ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سکونت کے لحاظ سے دیمک کو دو قسم کے گروہوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جس میں سے پہلی قسم کی دیمک زمین کے اندر رہنے والی دیمک جبکہ دوسری قسم زمین کے اوپر لکڑی پر رہنے والی دیمک کہلاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشاہدے میں آیا ہے کہ نہری علاقوں کی نسبت بارانی علاقوں میں اس کا حملہ زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین زراعت دیمک کے خاتمہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تحقیق کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے جلد مفید نتائج حاصل ہونگے۔