Live Updates

مون سون کی بارشیں شروع ہونے کے باعث بارانی علاقوں میں مونگ کی بوائی زیادہ سے زیادہ 15 جولائی تک مکمل کرلی جائے،محکمہ زراعت

جمعرات 10 جولائی 2025 15:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ بارانی علاقوں میں مون سون کی بارشیں شروع ہونے کے باعث مونگ کی بوائی زیادہ سے زیادہ 15 جولائی تک مکمل کرلی جائے اورکاشت تر وتر حالت میں کرنے، قطاروں کا باہمی فاصلہ ایک فٹ اور پودے کاپودے سے فاصلہ 8انچ یا 10سینٹی میٹر رکھنے کے مشورہ سمیت کاشتکاروں کو بوقت کاشت ایک بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ ضرور ڈالنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اچھی پیداوارحاصل کی جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع خالد اقبال نے کہا کہ کاشتکار آبپاش علاقوں میں مونگ کی منظور شدہ اقسام نیاب مونگ 2006، ازری مونگ 2006، نیاب مونگ 2011وغیرہ جبکہ بارانی علاقوں میں چکوال ایم 6کاشت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ شرح بیج 10 سے 12 کلوگرام فی ایکڑ ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ مونگ کی کاشت کیلئے میرازمین انتہائی موزوں ہوتی ہے جبکہ کلراٹھی اور سیم زدہ زمینوں میں مونگ کی کاشت سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو مونگ کی فصل کی پہلی دفعہ کاشت کیلئے جراثیمی ٹیکے شعبہ دالیں و بیکٹیریالوجی ایوب ریسرچ اور قومی زرعی تحقیقاتی سنٹر اسلام آباد سے حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ جس کھیت میں مونگ کی فصل پہلی دفعہ کاشت کی جارہی ہو وہاں مونگ کے بیج کو جراثیمی ٹیکہ ضرور لگایاجائے جو مذکورہ اداروں سے حاصل کیا جاسکتاہے نیز جراثیمی ٹیکہ لگانے سے پودوں کی نائٹروجن حاصل کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے جس سے اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو جاتاہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :