رانا تنویر حسین سے مصر ی سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد کی ملاقات،زراعت، آبی ذخائر اور موسمیاتی ٹیکنالوجی پر اشتراک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 10 جولائی 2025 17:32

رانا تنویر حسین سے مصر ی سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد کی ملاقات،زراعت، آبی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین سے مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد نے ملاقات کی جس میں زراعت، آبی ذخائر اور موسمیاتی ٹیکنالوجی پر اشتراک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعرات کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مصر کی خشک زراعت اور ڈرپ ایریگیشن میں مہارت کو سراہا۔

پاکستان اور مصر کے درمیان بیجوں کی بہتری، زرعی تحقیق اور استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے کہا کہ مصر کے ساتھ زرعی شعبے میں پائیدار تعاون کا نیا دور شروع ہوگا، مصر کی موسمیاتی ٹیکنالوجی میں پیش رفت قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی تحقیق میں مصری اداروں کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گا، پاکستان بیج، پانی اور لائیو سٹاک میں اصلاحات کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندم کی ذخیرہ کاری میں کمی کے لیے مصری ماڈل قابل عمل ہے، حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی رسائی کے لیے مصر سے تعاون اہم ہے ، زرعی خود کفالت کے لیے عالمی اشتراک ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ تعلقات میں وسعت سے کسانوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔