عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ، تین زخمی

جمعرات 10 جولائی 2025 22:25

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابقہ امیدوار مولانا خان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اپنے ساتھی سمیت جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور باجوڑ سے قومی اسمبلی کے سابقہ امیدوار مولانا خان زیب کو نامعلوم افراد نے تحصیل خار ہیڈ کواٹر سے چند قدم کے فاصلے پر فائرنگ کرکے جاں بحق کردیا، ان کے ساتھ ایک اور ساتھی ڈاکٹر طارق زندگی کی بازی ہار گئے، واقعہ میں تین افراد زخمی ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق مولانا خان زیب باجوڑ میں 13جولائی کو ہونے والے امن پاسون کے حوالے سے کمپین کررہے تھے کہ شنڈئی موڑ میں نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے مولانا خان زیب اور ان کے ایک ساتھی ڈاکٹر طارق بھی موقع پر جاں بحق اور تین ساتھی شدید زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

فوری طورپر کسی نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔مولانا خان زیب نے جنرل الیکشن 2024 میں این اے پی کے ٹکٹ پر این اے 8 سے الیکشن لڑا اور 12 ہزار ووٹ لئے تھے۔

مولانا خان زیب عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی وصوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن تھے، وہ عوامی نیشنل پارٹی کے علماء ونگ کے سربراہ بھی تھے۔وہ معاشیات کے ماہر تھے اور شعلہ بیان مقرر تھے جس کی وجہ سے عوام میں کافی مقبول تھے، مولانا خان زیب کو کالجز اور یونیورسٹیوں میں بھی لیکچر دینے کے لئے طالب علم مدعو کیا کرتے تھے۔