لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کیس کی سماعت، عدالت کا اوقات کار کی پابندی نہ کرنے والے ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کا حکم

جمعہ 11 جولائی 2025 12:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ رات بارہ بجے کے بعد کھلے رہنے والے تمام ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوران سماعت عدالت نے جوہر ٹاون میں قائم میکڈونلڈ کی طرف سے اوقات کار کی پابندی کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا ۔

عدالت نے قرار دیا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک اہم قومی مسئلہ ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی ۔ جمعہ کو سماعت پر واسا کے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم ،ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ ، اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ ،ممبران ماحولیاتی کمیشن ،سمیت دیگر محکموں کے کے افسران عدالت میں پیش ہوئے اور کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے واضح کیا کہ کینال روڈ سے درخت عدالت کی اجازت کے بغیر نہیں کاٹے جا سکتے،پی ایچ اے نے درخت کاٹے تو ادارے کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ عدالت نے پی ایچ اے کے ڈی جی کی جانب سے بیان نہ دینے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے معذرت کا مطالبہ کیا۔عدالت نے کہا کہ ییلو لائن منصوبے پر ایک آزاد مشیر (انڈیپنڈنٹ کنسلٹنٹ) مقرر کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے جوہر ٹاون میں میاواکی طرز پر درخت لگانے کی ہدایت بھی کی۔دوران سماعت ممبر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب کے 760 کالجز میں شجر کاری کی جائے گی ۔جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت استفسار کیا کہ سموگ ایمیشن اینالائزر مشین کا افتتاح کیوں نہیں ہو سکا، جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ بعض وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوئی ہے۔ عدالت نے ہرن مینار کے قریب دھواں چھوڑنے والے بھٹے پر پندرہ لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے اور اس سے بیان حلفی لینے کا حکم دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ شیخوپورہ میں تمام بھٹہ مالکان کو آگاہ کیا جائے کہ خلاف ورزی کی صورت میں بھٹے گرا دیے جائیں گے۔ عدالت نے شیخوپورہ کے محکمہ ماحولیات کے سربراہ کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔عدالت نے مزید سماعت 28 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹس طلب کرلی ۔