دھان کی پیداوار میں اضافہ کیلئے زنک کا استعمال بڑھانے کی ضرورت ہے، محکمہ زراعت سمبڑیال

جمعہ 11 جولائی 2025 14:10

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹرافتخار حسیبن بھٹی نے کہا ہے کہ دھان کی پیداوار میں اضافہ کیلئے زنک کا استعمال بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جمعہ کو قومی خبررساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھان میں زنک کااستعمال پیداوار بڑھانے کیلئے ضروری ہے خاص کر ایسی زمینوں میں جہاں دھان کی فصل بار بار کاشت کی جارہی ہو وہاں پر زنک کی کمی وسیع پیمانے پر پائی جاتی ہے جس کو دور کرنے کیلئے پنیری پر زنک کا استعمال فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلسل تحقیق اور تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اگر 75 کلوگرام زنک سلفیٹ 33 فیصد فی ہیکٹر نرسری میں استعمال کیا جائے تو اس سے زنک کی کمی دور ہوسکتی ہے اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتاہے اور زنک کا استعمال معاشی طور پر بھی بہت فائدہ مند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 75 کلوگرام زنک سلفیٹ 35 فیصد ہیکٹر نرسری میں استعمال کرنے پر چھ گنا کی اضافی آمدن حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے باسمتی اقسام سپر گولڈ،سپر باسمتی2019،سپر باسمتی، سپرباسمتی515،چناب باسمتی،پنجاب باسمتی،پی کے1121،ایرومیٹک نیاب،باسمتی2016 اور نور باسمتی وغیرہ کی منتقلی25جولائی تک اور شاہین باسمتی و کسان باسمتی کی پنیری کی منتقلی15 سے31 جولائی تک منتقل کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر باسمتی فائن اقسام پی کے386میں پنیری کی منتقلی25 جولائی تک اور منظور شدہ ہائبرڈ اقسام کی پنیری کی منتقلی15جولائی تک مکمل کرلینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ منتقلی کے وقت پنیری کی عمر25سے35 دن ہونی چاہیے نیزاگر لاب میں جڑی بوٹیاں اگ آئیں توان کے انسداد کیلئے سفارش کردہ زہر سپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ٹوکے کا حملہ معاشی نقصان کی حد2ٹوکے فی نیٹ تک پہنچ جائے تو پنیری اور اس کے اردگرد کی وٹوں پر محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کا دھوڑا کریں۔ڈاکٹرافتخارحسین بھٹی نے کہا کہ تنے کی سنڈی کا حملہ جب معاشی حد یعنی0.5فیصد سوک تک پہنچ جائے تومحکمہ زراعت کی سفارش کردہ دانے دار زہر ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پنیری کی حالت کمزور نظر آئے یا پتوں کا رنگ پیلا ہو تویوریا کھاد بحساب250گرام یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ400گرام فی مرلہ لاب کی منتقلی سے10دن پہلے چھٹہ دیں اورمنتقلی لاب کیلئے کھیت کی تیاری کے وقت موٹی اقسام کیلئے بعد از گندم کاشتہ کھیت میں کھادوں کا استعمال بحساب پونے دو بوری ڈی اے پی، سوا بوری ایس او پی فی ایکڑ جبکہ باسمتی اقسام کیلئے ڈیرھ بوری ڈی اے پی، ایک بوری ایس او پی فی ایکڑ استعمال کریں۔