اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغرکی نماز جنازہ لاہور میں ادا کردی گئی ، مقامی قبرستان میں تدفین

جمعہ 11 جولائی 2025 22:28

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغرکی نماز جنازہ لاہور میں ادا کردی گئی ، مقامی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) کراچی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی میت گھر کے بجائے سیدھا قبرستان لائی گئی وہیں نماز جنازہ ادا ہوئی اور تدفین کردی گئی۔جمعے کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹائون کے کیو بلاک میں ان کی نماز جنارہ ادا کی گئی اور وہیں موجود قبرستان میں ان کی تدفین کی گئی۔

اس موقع پر خاندان کے قریبی افراد، عزیز و اقارب اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے چند قریبی ساتھیوں نے شرکت کی۔حمیرا اصغر کی موت کی خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد یہ قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں کہ ان کا خاندان ان سے ناراض تھا اور ان کی جانب سے اداکارہ کی لاش وصول کرنے سے بھی انکار کر دیا گیا۔ تاہم جمعرات کو ان کے بھائی نے یہ تاثر رد کیا تھا اور لاش وصول کر کے لاہور روانہ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

جمعے کے روز لاہور میں حمیرا اصغر کی تدفین کے بعد ان کے چچا نے میڈیا کو بتایا کہحمیرا اصغر شوبز میں کام کرنا چاہتی تھی وہاں خوش تھی لیکن حمیرا کے والدین اس فیصلے سے خوش نہیں تھے۔ حمیرا کا اپنے خاندان سے رابطہ صرف فون پر تھا اور وہ کبھی دو، کبھی تین یا چھ ماہ بعد لاہور کا چکر بھی لگاتی تھیں۔حمیرا کے چچا محمد علی نے اس بات کی تردید کی کہ خاندان حمیرا سے اعلان لا تعلقی کر چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حمیرا کا اپنے گھر والوں سے کوئی لڑائی جھگڑا نہیں تھا۔حمیرا کے اپنے والدین سے تعلقات انتہائی اچھے تھے اور جائیداد کا بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا۔جب صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ اتنا عرصہ حمیرا سے رابطہ نہیں ہوا تو آپ نے انھیں ڈھونڈنے کی کوشش نہیں کی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہمیں حمیرا کے (کراچی میں)گھر کا ایڈریس معلوم نہیں تھا،فون بند ہونے پر حمیرا سے کوئی رابطہ نہ کر سکے۔محمد علی کا کہنا تھاکہ میری بہن کا انتقال ہوگیا تھا ہم اس غم میں تھے۔انہوں نے مزید بتایاکہ حمیرا پڑھی لکھی تھی 2018میں کراچی شفٹ ہوئی، حمیرا پینٹنگز بناتی تھی اور اپنے کام میں خوش رہتی تھی۔

متعلقہ عنوان :