حلقہ پی بی-46 میں لنک میاں غنڈی روڈ(N-25 سے N-65 تیرہ میل روڈ)کو کوئٹہ پیکج میں شامل کرکے اس کی منظوری دی گئی

جمعہ 11 جولائی 2025 20:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے رکن صوبائی اسمبلی پرنس آغا عمر جان احمدزئی نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور سمیت صوبے کی مجموعی سیاسی و ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا پرنس آغا عمر جان احمدزئی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ ان کی تجویز پر حلقہ پی بی-46 میں لنک میاں غنڈی روڈ (N-25 سے N-65 تیرہ میل روڈ) کو کوئٹہ پیکج میں شامل کرکے اس کی منظوری دی گئی جو علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پرنس آغا عمر جان بنگلزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام حلقوں میں مساوی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندہ علاقوں میں سڑکوں، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی سنجیدہ پالیسی کا حصہ ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات جاری رہیں گے۔