مقامی فنکارہ کے نوجوان بیٹے پر تشدد کر کے ویڈیو وائرل کرنے کا واقعہ ، گرفتار 2ملزمان چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

جمعہ 11 جولائی 2025 21:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)مقامی فنکارہ زرینہ کیریو کے نوجوان بیٹے فرحان کیریو پر تشدد کر کے ویڈیو وائرل کرنے کے واقعہ میں گرفتار 2 ملزمان کو عدالت نے چار روز کے تفتیشی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔دو روز قبل تھانہ ہٹڑی کی حدود مین بائی پاس جلسہ گاہ گرانڈ میں کچھ لڑکوں نے نوجوان فرحان کیریو کو ہاکی اور پستول کے بٹ سے تشدد کا نشانہ بنا کر ویڈیو وائرل کی تھی، ہٹڑی پولیس نے نوجوان کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا۔

ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مقدمے کے اندراج کے لیے ایس ایچ او ہٹڑی غلام فاروق راہوپوٹو کو احکامات جاری کئے۔ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ فرحان کیریو کا ایک سال قبل زین شاہ، ارسلان سومرو، علی بلوچ، عبدالرحمن اور منیر ڈاھوٹ سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد سے ان کی آپسی رنجش چل رہی تھی اور ملزمان نے نوجوان پر اسی رنجش کے تحت اس پر ہاکی، لاٹھی اور پستول کے بٹ سے تشدد کیا اور فائرنگ کر کے جان سے مارنے کی دھمکی دی، جس کے بعد نوجوان کی ویڈیو مختلف سوشل پلیٹ فارمس پر شائع کر دی۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او ہٹڑی نے اس واقعے کا مقدمہ متاثرہ نوجوان کے بھائی کامران علی کیریو کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان ارسلان سومرو اور علی بلوچ کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔گرفتار ملزمان ارسلان سومرو اور علی بلوچ کو متعلقہ پولیس نے ریمانڈ کے لئے سیکنڈ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ حیدرآباد وسیم احمد لاکھیر کی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے ملزمان کو چار روز کے تفتیشی ریمانڈ پر ہٹڑی پولیس کی تحویل میں دے دیا۔