کمشنرملتان کی شہرکےداخلی وخارجی راستوں کی تزئین وآرائش کی ہدایت

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) کمشنرملتان عامرکریم خان نے شہر کے داخلی وخارجی راستوں کی تزئین وآرائش کے احکامات جاری کر دیئے۔ ہفتہ کو کمشنرملتان کی زیرصدارت شہرکی تزئین و آرائش بارے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔کمشنرنےتزئین و آرائش سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تزئین و آرائش کا مقصد داخلی وخارجی راستوں پر منفرد اور دلکش احساس دینا ۔

انہوں نے کہا کہ شہراولیاء کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے ہرممکن اقدامات کئےجا رہے ہیں،اس سلسلہ میں ایم ڈی اے50 ملین روپے کی لاگت سے قادرپوراں تا چوک کمہاراں والا سڑک اپ گریڈ کرے گی،ناگ شاہ تا گیلانی فلائی اوور روڈ کی اپ گریڈیشن اورتزئین و آرائش بھی کی جائےگی۔انہوں نے کہا کہ اولڈ شجاع آباد روڈ پرسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی،ناگ شاہ فلائی اوور کےاطراف سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے دیواروں پرفن پارے بنائے جائیں گے، سکولوں کی دیواروں پرتھری ڈی پینٹنگزکی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس دوران کمشنر نے شہر کے داخلی راستوں پردرخت و پھول دار پودے لگانے کا حکم دیتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو داخلی راستوں کی صفائی کیلئے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں۔عامرکریم خان نے کہا کہ چونگی نمبر9 اورسیداں والا بائی پاس پرجدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلزلگائےجا رہے ہیں،کلمہ چوک روڈ کو کشادہ کیا جا رہا ہے،20 ملین کی لاگت سے ایک اضافی لین بنائی جارہی،جس سے ٹریفک کی روانی برقرار رہے گی،شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہے۔

دوران اجلاس کمشنرملتان کو چھ خستہ حال پارکوں کی اپ گریڈیشن پر بریفنگ دی گئی۔کمشنرملتان نے پارکوں کی اپ گریڈیشن کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ جناح کالونی،شاہ رکن عالم،نیوشاہ شمس اور تغلق ٹاؤن میں پارکس اپ گریڈ کئے جائیں گے،ٹمبرمارکیٹ کی گرین بیلٹ اور پارک اپ گریڈ کیا جائےگا،شہرکے تمام پارکوں میں روشنی،بینچز،پلے ایریا،گزیبو،واش رومز فراہم کیے جائیں گے،پارکوں کی بحالی اوراپ گریڈیشن سے مقامی آبادی کو سہولت ملے گی۔

کمشنرعامر کریم خان نے نشترچوک پریادگار کی تکمیل رواں ماہ کے آخرتک مکمل کرنےکا حکم دیا۔کمشنرملتان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہرمیں چارنئے بس شیڈز زیرِتعمیرہیں،جن میں سے 2 رواں ماہ مکمل ہو جائیں گے،اگست میں چونگی نمبر7 تا 9 نمبرتک سڑک مکمل ہو جائے گی اوراشارے بھی فعال کردیئےجائیں گے۔