امیگریشن کے نظام کو موثر اور شفاف بنانے کے لیے حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں، سینیٹر طلال چوہدری

منگل 15 جولائی 2025 21:18

امیگریشن کے نظام کو موثر اور شفاف بنانے کے لیے حکومت نے ترجیحی بنیادوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ امیگریشن کے نظام کو موثر اور شفاف بنانے کے لیے حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔ ایوان بالا کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت غیر قانونی امیگریشن میں ملوث افراد اور گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے جبکہ بیرون ملک ایسے گروپوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے جو امیگریشن کے نظام کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے تھے۔ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت سختی سے ان معاملات سے نمٹ رہی ہے اور گزشتہ آٹھ سے نو ماہ کے دوران کوئی بڑا واقعہ یا سکینڈل منظر عام پر نہیں آیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اصلاحات موثر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امیگریشن کا جدید اور شفاف نظام نہ صرف بیرونی دنیا میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنائے گا بلکہ عام شہریوں کو بھی قانونی طریقہ کار سے بیرون ملک جانے میں سہولت دے گا۔