فیصل آباد کے مزید 13 کاشتکاروں میں فری گرین ٹریکٹرزکی تقسیم

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) فیصل آباد کے ساڑھے12ایکڑ سے زائدگندم اگانے والے مزید 13 کاشتکاروں میں فری گرین ٹریکٹرزکی تقسیم کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان بھائیوں سے کئے گئے ایک اور وعدہ کی تکمیل ہوگئی جس کے تحت پنجاب بھر میں اب تک ایک ہزار فری گرین ٹریکٹرز کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں اب تک88 کسانوں میں فری گرین ٹریکٹرز تقسیم کئے جاچکے ہیں جو کہ بالترتیب فیصل آباد 13،جھنگ47،ٹوبہ ٹیک سنگھ12اورچنیوٹ میں 16 ٹریکٹرز تقسیم کئے گئے ہیں۔

وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی اورسیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی ہدایت پر زیادہ گندم اگاؤ مہم 25۔2024 کے تحت ایوب ریسرچ فیصل آباد کے ریسرچ لائبریری ہال میں فری گرین ٹریکٹرز تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بطورمہمان خصوصی کسانوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے فری گرین ٹریکٹر انعام ملنے والے کاشتکاروں کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی فری گرین ٹریکٹر سکیم سے مشینی کاشت کو مزیدفروغ ملے گا،کاشتکاروں کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور نیا مالی سال ترقی کا ضامن ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کسانوں کوہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرین ٹریکٹرسکیم گیم چینجز ہے،کسان گورنمنٹ کی سکیموں پر زیادہ سے زیادہ اپلائی کریں اورکسانوں کی خوشحالی کیلئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پرڈائریکٹر زراعت توسیع خالد محمود نے بتایاکہ دن رات کاشتکاروں کی رہنمائی و مدد کر رہے ہیں اور2025-26 میں 11، اقسام کی جدید زرعی مشینری سبسڈی پر مہیا کی جائے گی۔