ّپنجاب پولیس صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہی: خرم شکور

*ہے۔حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد 2 ہزار مزید اہلکاروں کی بھرتی کا مرحلہ شروع کیا جائے گا: ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:15

fلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ’’محفوظ پنجاب ویژن‘‘ تحت صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے یہ بات آج پولیس ٹریننگ سینٹر فاروق آباد میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تشکیل دی گئی رائٹ مینجمنٹ پولیس کے پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ تقریب کے شرکا سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز خان، پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد تنویر احمد، سینئر پولیس افسران، پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کے والدین، عزیز و اقارب، فرینڈز آف پولیس اور والینٹرز ان پولیس نے بڑی تعداد میں پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ائی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس خرم شکور نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں نے ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور کو سلامی پیش کی۔

ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز نے فورس کی تربیت کے اعلی معیار اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر کے لا اینڈ آرڈر چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے رائٹ مینجمنٹ فورس کی جدید خطوط پر تربیت یقینی بنائی گئی ہے۔آٹھ ہفتوں پر مشتمل کورس میں فورس کی فٹنس اور کارکردگی کا اعلی معیار برقرار رکھنے کے لئے سپیشل ڈرلز ڈیزائن کی گئیں۔

تربیت حاصل کرنے والے اہلکار فیلڈ میں جا کر پیشہ ورانہ امور خدمت خلق کے جذبے سے سر انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ مینجمنٹ پولیس کے لئے خصوصی آلات، ساز و سامان کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے۔حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد 2 ہزار مزید اہلکاروں کی بھرتی کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے فورس کی اعلی معیار پر تربیت کے لئے ٹریننگ سٹاف کی کاوشوں کو سراہا۔

پاس آؤٹ ہونے والے اہلکاروں کو ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں فرائض کی ادائیگی کیلئے بھیجا گیا ہے۔ابتدائی طور پر لاہور اور راولپنڈی میں 500 آر ایم پی اہلکار جبکہ تمام ریجنل دفاتر میں 250 اہلکار بھیجے گئے ہیں۔ تربیت مکمل کرکے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں نے لا اینڈ آرڈر اور مشتعل مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے مختلف فارمیشنز میں مشقوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے پہلے بیج کو ٹریننگ فراہم کرنے والے ترکیہ سے تربیت یافتہ انسٹرکٹرز، ٹرینرز کو تعریفی اسناد جبکہ دوران ٹریننگ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز اہلکاروں میں اعزازی شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔ ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز کے ہمراہ تقریب میں شرکت کرنے والے فرینڈز آف پولیس اور والنٹیرز ان پولیس سے بھی ملاقات کی۔

رائٹ مینجمنٹ پولیس کے افسران و اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں میں موب انگیجمنٹ، موب کنٹرول، واٹر کینن، آنسو گیس، ربر بلٹ، سٹن گرینیڈ، لانگ رینج صوتی ڈیوائس، انخلا، گرفتاری، فرسٹ ایڈ، ایڈوانس پارٹی، ڈرون آپریشن، سنائپرز اور کے نائن ہنڈلرز ٹیمیں شامل ہیں۔