پشاور، ضلعی انتظامیہ کے افسران کا شہر کے مختلف ندی نالوں اور نہروں کا معائنہ

اتوار 13 جولائی 2025 12:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران نے اتوار کو مختلف ندی نالوں اور نہروں کا معائنہ کیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ پشاور سرکاری چھٹی کے روز بھی متحرک رہی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بابر خان تنولی نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عامر شہزاد اور ریونیو افسران کے ہمراہ بدھنی نالہ، شاہی کھٹہ، چارسدہ روڈ، دلہ زاک روڈ اور ورسک روڈ پر ندی نالوں اور نہروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انتظامیہ کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں و نہروں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ریونیو سٹاف کو تجاوزات کی نشاندہی کے حوالے سے ہدایات دی گئیں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب تعمیرات سے گریز کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا خطرے کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :