ڈی ایم اے ایم سی آئی کا اے جے کی طرف سےاے جے سی ایل کمپنی کا ای پارکنگ کا معاہدے منسوخی کا فیصلہ برقرار

اتوار 13 جولائی 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) اسلام آباد کی سول جج کی معزز عدالت نے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے)، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی جانب سے اے جے سی ایل کمپنی کا ای پارکنگ کا ٹھیکہ کی منسوخی کا فیصلہ مکمل طور پر قانون کے مطابق درست قرار دیتے ہوئے اے جے سی ایل کی درخواست کو مسترد کردیا۔

سی ڈی اےاور ڈی ایم اے کی طرف سے سنئیر ایڈووکیٹ نزیر جواد نے کیس کی قانون کے مطابق ٹھوس شواہد کی بنیاد پرموثر پیروی کی ۔معزز عدالت نے قانون کے مطابق ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ڈی ایم اے کا موقف درست قرار دیا۔ معز ز عدالت کے فیصلے کو چیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی قیادت، ممبر ایڈمن سی ڈی اے طلعت محمود اور ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ اورڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انم فاطمہ کی سربراہی میں انتظامی شفافیت، میرٹ اور گڈگورننس کی قانون کے مطابق انجام دہی کے سلسلہ میں بیترین مثال قرار دیا جارہا ہے جس سے شہری سہولیات میں بہتری کے لیے مزید موثر اقدامات اٹھانے میں مدد مل سکے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اے جے سی ایل کمپنی کے ساتھ معاہدہ جون 2025 میں اس وقت منسوخ کیا گیا جب متعلقہ کمپنی نے معاہدہ کی متعدد شقوں کی سنگین نہ صرف خلاف ورزیاں کیں بلکہ مالی بے ضابطگیاں اور کیش لیس نظام کے عدم نفاذ جیسے سنگین نقائص بھی سامنے آئے، جس پر مزکورہ کمپنی کے خلاف نہ صرف ڈی ایم اے نے بلکہ شہریوں نے متعدد ایف آئی آرز متعلقہ پولیس اسٹیشنز میں درج کروائیں جو ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

مذکورہ کمپنی نے ڈی ایم اے کے معاہدہ منسوخی کے عمل کے فیصلے کو چیلنج کیا جن میں پارکنگ سائٹس کی دوبارہ تحویل کی اپیل، اور اسمارٹ پارکنگ کی مجوزہ نیلامی کو روکنے کی استدعا شامل تھی ،معزز عدالت نے اے جے سی ایل کمپنی کے تمام دعووُں کو غیر مؤثر اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے، ڈی ایم اے ، ایم سی آئی کے فیصلے کو مکمل طور پر قانون تقاضوں کے مطابق اور انتظامی طریقہ کار سے ہم آہنگ قرار دیا۔

اس فیصلے کو نہ صرف قانونی ماہرین بلکہ شہری حلقوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے، جو اسے ایک ایسا فیصلہ قرار دے رہے ہیں جس سے شفاف قانون کی عملداری اور پائیدار شہری نظم و نسق کو نظام کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ ریاستی وسائل کے مؤثر تحفظ، بدانتظامی کی روک تھام، اور اصلاحاتی اقدامات کے تسلسل کو ضروری بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ امر قابل زکر ہے کہ چیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ڈی ایم اے، ایم سی آئی نے نہ صرف قانون اور انصاف کے تمام تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئےاے جے سی ایل کمپنی کا معاہدہ منسوخی اور بد انتظامی کو روکنے کے لیے بروقت اقدامات اٹھائے جن کو معزز عدالت نے قانونی طور پر درست قرار دیتے ہوئے برقرار رکھا۔ ادارہ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ اسلام آباد میں اسمارٹ پارکنگ کے تمام منصوبے سمیت تمام عوامی خدمات کو مؤثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔