بین الاقوامی تجارت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور ملکی خوشحالی کیلئے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، امجد چوہدری

اتوار 13 جولائی 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) معروف کاروباری شخصیت اور کسٹمز کلیرنس ایجنٹ ایسوسی ایشن کے روح رواں امجد چوہدری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تجارت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور ملکی خوشحالی کیلئے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک علاقائی معاشی انضمام کر کے بہت زیادہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک ایسی مارکیٹ ہے جو دنیا کی آبادی کا تقریبا 25 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

یہ تجارتی بلاک یورپی یونین، آسیان اور یو ایس ایم سی اے کی طرح کامیاب اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کیلئے پر کشش ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جنوبی ایشیا معاشی طور پر دنیا کا سب سے کم مربوط خطہ ہے اور علاقائی تجارت میں اس کا حصہ صرف 5 فیصد ہے جبکہ انٹررجینل تجارت کا تخمینہ موجودہ سطح سے دو گنا زیادہ ہے۔ اگر اس صلاحیت کا استعمال کیا جائے تو اس خطے کو اس کے جی ڈی پی کے 33فیصد کے برابر فائدہ ہوسکتا ہے۔ امجد چوہدری نے کہا کہ اس میں بنیادی رکاوٹ سیاسی مسائل ہیں۔ خطے کی سیاسی قیادت کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا اور یورپی یونین کے تجربات اور آسیان کے تجربات سے سیکھنا چاہئے اور سیاسی فوائد کیلئے معاشی ترقی کی قربانی نہیں دی جانی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :