Live Updates

سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد معیشت کے تمام تخمینوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی‘ خادم حسین

جمعہ 12 ستمبر 2025 12:52

سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد معیشت کے تمام تخمینوں پر نظر ثانی کرنا ہو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد حکومت کو معیشت کے حوالے سے اپنے تمام تخمینوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی، معیشت جس غیر معمولی خطرے سے دوچار ہے اس کے لئے بلا تاخیر ایکشن پلان ترتیب دے کر بحالی کے لئے عملدرآمد کا آغاز کیا جائے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اطلاعات کے مطابق حکومت کے پاس ضرورت کے مطابق گندم کے ذخائر موجود ہیں لیکن اسٹریٹجک ذخائر کے لئے گندم موجود نہیں اس حوالے سے فوری فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد مارکیٹ میں افواہوں اور قیاس آرائیوں کا طوفان برپاہے جس کی وجہ سے عام آدمی بہت پریشان ہے ، انہی سر گرمیوں کی بنیاد پر ناجائز منافع خوری کی جارہی ہے جس کیلئے حکومت کو اپے ایکشن کا دائرہ وسیع کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ وزیر اعظم زرعی ایمر جنسی کا اعلان کر چکے ہیں لیکن پیشرفت کے لئے وزیر اعظم کو خود نگرانی کرنا ہو گی ، حکومت موجودہ کڑے حالات میں زراعت کو پائوں پر کھڑا کرنے میںکامیاب ہو گئی تو معیشت کی جلد بحالی ممکن ہو سکے گی اس لئے آئندہ بوائی کے سیزن کی فوری تیاری کی جائے ،بیج اور دیگر زرعی مداخل کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں، متاثرہ کسانوں کو جس قدر ممکن ہو سکے معاونت دی جائے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات