پیسٹی سائیڈز کے کاروبار سے وابستہ تمام دکاندار اور ڈیلرز دھان کی فصل کیلئے ممنوعہ پیسٹی سائیڈز کی فروخت فوری بند کردیں،محکمہ زراعت

پیر 14 جولائی 2025 17:10

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) محکمہ زراعت کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پیسٹی سائیڈز کے کاروبار سے وابستہ تمام دکاندار اور ڈیلرز دھان کی فصل کے لئے ممنوعہ پیسٹی سائیڈز کی فروخت فوری بند کردیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزسمبڑیال صباء تحسین نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ محکمہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ممنوعہ پیسٹی سائیڈز کو یا تو فوری طور پر سٹاک سے نکال دیا جائے یا انہیں متعلقہ کمپنی کو واپس بھیج دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام پیسٹی سائیڈ ڈیلر حضرات اپنی دوکانوں پرمحکمہ کی جانب سے جاری کی گئی نئی ایڈوائزری جس پر ممنوعہ زہروں کی فہرست درج ہے، نمایاں طور پر آویزاں کریں۔انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام کسانوں کے مفاد، انسانی صحت اور ماحول کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے تاکہ کھاد و زہریلی ادویات کے غیر معیاری استعمال سے بچا جا سکے، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈیلرز کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ ان کا لائسنس بھی معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :