استور ،بھائی چارگی کے ماحول کو فروغ دینے میں علمائے کرام کا کردار قابل تحسین ھے ،وزیراعلی گلگت بلتستان

پیر 14 جولائی 2025 17:15

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور پارلیمانی امن کمیٹی سے انجمن امامیہ گلگت اور اہل سنت والجماعت کے وفود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھائی چارگی کے ماحول کو فروغ دینے میں علمائے کرام کا کردار قابل تحسین رہاہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں بھی امن وامان کو برقرار رکھنے میں علمائے کرام اور عمائدین اپنا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔

چھموگڑھ واقعے کو بنیاد بناکر گلگت بلتستان کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہوئی لیکن علماء اور عمائدین کے تعاون سے ان سازشوں کو ناکام بنایا گیا۔ صوبائی حکومت قیام امن کیلئے پرعزم ہے۔ چھموگڑھ واقعے کے اصل مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی امن کمیٹی گلگت بلتستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اپنا کام کررہی ہے۔ گلگت بلتستان کے نوجوان طبقے اور عمائدین نے امن کی اہمیت کو سمجھا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کا ماحول بہتری کی طرف جارہا ہے۔

ہم سب نے مل کر علاقے کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ گلگت بلتستان کا امن خراب کرنے والے ہم سب کے مشترکہ دشمن ہیں۔ حکومت امن خراب کرنے والوں کیخلاف بغیر کسی رعایت کے سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ اس موقع پر اہل سنت والجماعت اور انجمن امامیہ گلگت کے نمائندوں نے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کو صوبے میں قیام امن اور چھموگڑھ واقعے میں ملوث اصل مجرموں کی گرفتاری میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقینی دہانی کراتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں امن ہم سب کی ضرورت ہے۔ بھائی چارگی اور امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔\378

متعلقہ عنوان :