عید میلاد النبی ﷺ 1500سالہ عظیم جشن کے طور پر منایا جائے گا،سلیم خاں قادری ترابی

منگل 15 جولائی 2025 19:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)مرکزی انجمن سیرت النبیؐ گلبہار رجسٹرڈ کے تاحیات چیئرمین محمد سلیم خاں قادری ترابی نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ 2025 کو ''1500 سالہ عظیم جشن'' کے طور پر منایا جائے گا، یہ ایک روحانی، تاریخی اور ایمانی موقع ہے جسے تزک و احتشام، عقیدت و محبت اور منظم انداز میں منانے کا جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں شہر کراچی بھر میں سیرت اجتماعات، نعتیہ محافل، درود و سلام کی مہم، جلوس، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور فلاحی پروگراموں پر مشتمل ایک وسیع تر پلان ترتیب دیا گیا ہے، وہ انجمن کے خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت انجمن کے روحِ رواں شیخ محمد طاہر قادری نے کی، اجلاس میں متفقہ طور پر ان کی بطور تاحیات چیئرمین نامزدگی کی تجدید کی گئی اور ان کی جانب سے دی گئی سبکدوشی کی درخواست کو مکمل اتفاق رائے سے مسترد کر دیا گیا، اجلاس کے شرکاء نے مسلسل پچیسویں بار انہیں تاحیات چیئرمین برقرار رکھنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کھڑے ہو کر بھرپور تائید کی، اس موقع پر مقررین نے ان کی 25 سالہ بے مثال خدمات، خلوص، فکری قیادت، تنظیمی نظم اور سیرت مصطفی ﷺ کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا، شیخ محمد طاہر قادری نے کہا کہ سلیم خاں قادری ترابی نہ صرف انجمن کے لیے ایک نعمت ہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، محبت اور سیرتِ طیبہ کے ترجمان کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے اپنی قیادت میں نہ صرف انجمن کو منظم رکھا بلکہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کی 74 سالہ مسلسل روایت کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے کا فریضہ بھی احسن طریقے سے انجام دیا، اجلاس میں اس بات پر فخر کا اظہار کیا گیا کہ مرکزی انجمن سیرت النبیؐ گلبہار سات دہائیوں سے زائد عرصے سے یہ جشن منظم انداز میں منا رہی ہے اور سال 2025 میں اسے ولادت مصطفی ﷺ کے 1500 سالہ عظیم موقع کے طور پر شایان شان انداز میں منانے کے لیے تمام تر انتظامات کیے جائیں گے، سلیم خاں قادری ترابی کی قیادت میں انجمن نے ہر سال جلوسِ میلاد، سیرت اجتماعات، نعتیہ مشاعرے، چراغاں، درود و سلام کی محافل، اور سوشل میڈیا مہمات کو مثالی نظم و ترتیب کے ساتھ منایا ہے، اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ان کی صحت، درازی عمر اور قائدانہ تسلسل کے لیے خصوصی دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حسب روایت عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنی اعلیٰ تنظیمی صلاحیتوں کے ساتھ جشن کو مؤثر، منظم، اور تاریخی انداز میں منعقد کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے، اراکین نے کہا کہ ہماری اجتماعی خواہش ہے کہ سلیم خاں قادری ترابی اپنی قیادت جاری رکھتے ہوئے نسلِ نو تک سیرت النبی ﷺ کا پیغام عام کرنے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔