اسرائیلی فوج کے دمشق میں شامی فوج کے ہیڈ کوارٹر، وزارت دفاع کے دفاتر اور جنوبی شہر سویدا میں حملے

بدھ 16 جولائی 2025 17:11

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) اسرائیلی فوج نے شام کے دارالحکومت دمشق میں شامی فوج کے ہیڈ کوارٹر، وزارت دفاع کے دفاتر اور جنوبی شہر سویدا میں شامی فورسز پر حملے شروع کر دیے ہیں اور اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے شام کی حکومتی فورسز پر یہ حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے دمشق میں شامی فوج کے ہیڈ کوارٹر کے داخلی دروازے پر بمباری کی ہے۔

اسرائیلی فوج کا یہ بیان شامی دارالحکومت میں دھماکے کی آواز کے فوراً بعد سامنے آیا ہے۔اسرائیلی فوج نےایک علیحدہ بیان میں کہا کہ وہ شام کے جنوب میں دروز اکثریتی شہر سویدا پر حملہ کر رہی ہے، اور وہ مختلف ممکنہ منظرناموں سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا تھا کہ سویدا شہر میں اسرائیلی کے حملوں کے نتیجے میں کئی لوگ مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے شام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ دروز اکثریتی شہر سویدا سے سرکاری فوج کو نکا ل لے لیکن اس کے بعد وہاں مسلح گروپوں اور شام کی سرکاری فوج کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئی گئیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج اس وقت تک حکومتی فورسز پر حملے جاری رکھے گی جب تک کہ وہ علاقے سے انخلاء نہیں کر لیتے، اوراگر شامی حکومت کو ان کی یہ بات سمجھ نہ آئی تو وہ جلد ہی اس کے خلاف اپنی کارروائیوں میں اضافہ کردے گی۔

اسرائیلی افواج نے منگل کو شامی فوجی ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کیے اور کہا کہ ان حملوں کا مقصد سرحدی علاقے کو غیر عسکری طور پر ختم کرنا اور دروز کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔دریں اثنا اسرائیلی فوج نے شامی سرحد کے ساتھ اپنی نفری بھی بڑھانا شروع کر دی ہے۔