Live Updates

لاہور میں موسلادھار بارش سے چھتیں گر گئیں، 11 افراد جاں بحق

بدھ 16 جولائی 2025 22:15

لاہور میں موسلادھار بارش سے چھتیں گر گئیں، 11 افراد جاں بحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے کے متعدد افسوسناک واقعات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر 11 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے دو مختلف علاقوں، کوٹ جمال اور مشن کالونی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ متاثرہ چھتیں بانس، لکڑی، مٹی اور سرکہ سے بنی ہوئی تھیں۔

شفیق آباد میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئیں۔ جاں بحق افراد میں ایمان بی بی اور 8 سالہ فضا شامل ہیں، جبکہ 12 سالہ سحر شدید زخمی ہوئی، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے دونوں لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں۔ادھر مشن کالونی میں چھت گرنے سے تین افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے، جن کی شناخت 70 سالہ نسرین، 8 سالہ میرب، اور 80 سالہ بشیر کے ناموں سے ہوئی۔

(جاری ہے)

ایک نوجوان، 21 سالہ فرید، کو زندہ نکال لیا گیا۔کوٹ جمال پورہ میں ایک اور چھت گرنے کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ ملبے سے تین افراد کو زندہ نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام حادثات بارش کے دوران اور بعد میں پیش آئے، اور بیشتر متاثرہ مکانات کچے اور خستہ حال تھے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات