Live Updates

محکمہ زراعت نے مون سون بارشوں کے پیش نظر کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں

بدھ 16 جولائی 2025 23:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے مون سون بارشوں کے پیش نظر فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔محکمہ زراعت سیالکوٹ کے ترجمان کے مطابق مون سون کے دوران کماد اور دھان جیسی فصلیں بارش کے زائد پانی کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں تاہم کپاس اور سبزیاں حساس فصلیں ہیں جو زیادہ پانی برداشت نہیں کر سکتیں ،اس لیے ان فصلوں سے بارش کا زائد پانی فوری نکالنے کا انتظام ضروری ہے ،اگر پانی 48 گھنٹے تک کھڑا رہے تو پودے مرنا شروع ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسی صورت میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورے سے گروتھ ریگولیٹرز کا سپرے بھی کیا جا سکتا ہے۔کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریڈیو اور ٹی وی پر موسمی پیشن گوئی پر نظر رکھیں تاکہ اپنی فصلوں کی آبپاشی کی منصوبہ بندی موسم کے مطابق کر سکیں۔مزید برآں، ترجمان نے خبردار کیا کہ بارشوں کے اس موسم میں جڑی بوٹیوں کی افزائش بڑھ جاتی ہے، جو نہ صرف فصل سے خوراک کا مقابلہ کرتی ہیں بلکہ ضرررساں کیڑوں کی پناہ گاہ بھی بن جاتی ہیں۔ اس لیے کاشتکار محکمہ زراعت (توسیع یا پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملے سے بروقت مشورہ کریں تاکہ کیڑوں سے بچاؤ کے اقدامات کیے جا سکیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات