Live Updates

موسم برسات کے دوران کپاس کی فصل کی ہفتہ میں 2دفعہ صبح کے اوقات میں پیسٹ سکاؤٹنگ کامشورہ

جمعرات 17 جولائی 2025 16:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) مون سو ن کی رواں بارشوں کے باعث پیدا ہونیوالی نمی کی وجہ سے کپاس کی فصل پر سبز تیلے کا حملہ پچھلے سال کی نسبت زیادہ ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کی ہفتہ میں دو دفعہ صبح کے اوقات میں پیسٹ سکاؤٹنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرین پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت نے بتایا کہ اس وقت فیصل آباد ڈویژن کے تمام اضلاع میں مون سون کی بارشیں وقفے وقفے سے جاری ہیں جن کی وجہ سے پیدا ہونیوالی نمی کے باعث کپاس کی فصل پر سبز تیلے کے حملہ کا خدشہ ہے لہٰذاکاشتکاروں کو سفارش کی جاتی ہے کہ وہ کپاس کی فصل کی ہفتہ میں دو دفعہ پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل صبح کے اوقات میں کریں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکاررس چوسنے والے کیڑوں کی پیسٹ سکاؤٹنگ کیلئے کھیت کے اندر جا کر20مختلف پودوں کا اس طرح معائنہ کریں کہ پہلے پودے کے اوپر والے، دوسرے کے درمیان والے اور تیسرے کے نیچے والے اورپھرچوتھے کے اوپر والے پتوں کو نچلی طرف غور سے دیکھ کر رس چوسنے والے کیڑوں کی تعداد نوٹ کریں اس طرح 20پودوں کا معائنہ مکمل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ1بالغ یا بچہ فی پتہ سبز تیلہ، 5بالغ یا بچے فی پتہ سفید مکھی اور 8تا10فی پتہ تھرپس کی معاشی نقصان کی حد ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سبز تیلہ کے حملہ کے تدارک کیلئے تھایا میتھاکسم 25فیصد ڈبلیو جی بحساب 24گرام یاتھایا کلوپرڈ 48فیصد ایس سی بحساب125ملی لیٹر یا کلورفینا پائیر36فیصد ایس سی بحساب 75ملی لیٹر فی ایکڑ سپرے کریں۔انہوں نے کہاکہ سفید مکھی کے تدارک کیلئے ڈایا فینتھیوران 50فیصد ایس سی بحساب 200ملی لیٹر یاتھایا کلوپرڈ48فیصد ایس سی بحساب125ملی لیٹریاپائری پروکسی فن 10.8فیصد ای سی بحساب 500ملی لیٹر اسیٹا میپرڈ 20فیصد ایس ایل بحساب 125ملی لیٹر فی ایکڑ سپرے کیاجائے جبکہ تھرپس کے تدارک کیلئے سپائنو سیڈ 24فیصد ایس سی بحساب 40ملی لیٹریا ڈائی میتھوایٹ 40فیصد ای سی بحساب 400ملی لیٹر یا ایسی فیٹ 97فیصد ڈی ایف بحساب 300گرام یا تھایا کلوپرڈ 48فیصد ایس سی بحساب125ملی لیٹرفی ایکڑسپرے کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے کپاس کے کھیتوں میں جڑی بوٹیاں زیادہ اگ آتی ہیں جس سے اس کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی آجاتی ہے اسلئے فصل بڑی ہونے کی صورت میں پودوں کے درمیان ہاتھ سے گوڈی کرکے جڑی بوٹیوں کو فوری تلف کریں یا شیلڈ لگا کر مناسب جڑی بوٹی مار زہر سپرے کریں۔انہوں نے کہاکہ زیادہ بارشوں کی وجہ سے پودے کا قد بڑھ جاتا ہے جس سے پودا پھل دینے کی بجائے بڑھوتری کی طرف مائل ہوجاتا ہے لہٰذا اس غیر ضروری بڑھوتری کو روکنے کیلئے اگست کے مہینے میں ہفتہ یا عشرہ کے وقفہ سے گروتھ ریگولیٹر میپی کوآٹ کلورائیڈ کا 2سے 3بار سپرے کریں۔انہوں نے کہاکہ مزید معلومات ورہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی زرعی ہیلپ لائن 0800-15000یا 0800-29000پرمفت رابطہ کیاجاسکتاہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات