میثاق سنٹر ز، مذہبی اقلیتوں کوخدمات کی فراہمی کا پلیٹ فارم

میثاق سنٹرزسے 1729سے زائداقلیتی شہریوں کو مختلف قانونی خدمات فراہم کی گئی ہیں‘ترجمان لاہور پولیس لاہور پولیس قانونی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اقلیتی عبادت گاہوں کاتحفظ بھی یقینی بنارہی ہے‘بلال صدیق کمیانہ

جمعرات 17 جولائی 2025 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)میثاق سنٹرز مذہبی اقلیتوں کو خدمات کی فراہمی کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ رواں سال صوبائی دارالحکومت کے میثاق سنٹرزسے 1729سے زائداقلیتی شہریوں کو مختلف قانونی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ میثاق سنٹرز سی342غیر مسلم شہریوں کوکریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں۔

میثاق سنٹرزسے 1022جنرل پولیس ویر ی فکیشنز کی گئی ہیں۔ میثاق سنٹرز میں 33گمشدگی رپورٹس،32کریمینل رپورٹس اور 31بے وسیلہ افرادکی رپورٹس درج کی گئی ہیں۔ میثاق سنٹرزسے 25درخواست گزاروں کو ایف آئی آر کی نقول بھی مہیا کی گئی ہیں۔ لبرٹی،کاہنہ اورمزنگ میں قائم میثاق سنٹرزمیں مسیحی و دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ میثاق سنٹرز اقلیتوں کے حقوق کے علمبردار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میثاق سنٹرز بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ اقلیتی شہریوں کو پولیسنگ سے متعلقہ خدمات ایک ہی چھت تلے مہیا کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میثاق سنٹرز اقلیتی شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کا اہم ذریعہ ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ میثاق سنٹرز میں خواتین، بزرگ اور معذور افراد کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس قانونی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اقلیتی عبادت گاہوں کاتحفظ بھی یقینی بنارہی ہے۔