یونیورسٹی آف سرگودھا اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے مابین سوشل ورک کے شعبے میں باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

جمعرات 17 جولائی 2025 18:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے مابین سوشل ورک کے شعبے میں طلبہ کی تربیت، استعداد کار میں اضافے، اور مشترکہ علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔اس معاہدے پر دستخط ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسرڈاکٹراحمد رضا بلال اور ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی، ہیومن ڈویلپمنٹ سپورٹ یونٹ، سرگودھا عمر دراز جھاوری نے کیے۔

اس موقع پر چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک پروفیسر ڈاکٹر بینش اعجاز بٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی آصف علی تارڑ بھی موجود تھے۔اس معاہدے کا مقصد طلبہ کو عملی میدان میں تربیت اور تجربہ فراہم کرنا اور دونوں اداروں کے درمیان ایسے مشترکہ تحقیقی و علمی منصوبوں کو فروغ دینا ہے جو پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہوں۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا کا شعبہ سوشل ورک ان سرگرمیوں کے لیے مرکزی رابطہ کار کی حیثیت سے خدمات انجام دے گا، جو تعلیمی وسائل، تحقیقی سہولیات اور انتظامی معاونت فراہم کرے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی این سی ایچ ڈی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے اشتراک سے طلبہ کی تربیت، فیلڈ ورک، اور عملی مسائل سے نمٹنے کی تیاری میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔این سی ایچ ڈی سوشل ورک کے طلبہ کو عملی تربیت اور میدان میں کام کا موقع فراہم کرے گی جبکہ فیلڈ پلیسمنٹ، تربیتی ورکشاپس کا انعقاد، اور تحقیق کے لیے مفید ڈیٹا و معلومات کی فراہمی بھی معاہدے میں شامل ہے۔

مزید برآں، این سی ایچ ڈی ایسے مشترکہ علمی و تحقیقی منصوبوں میں بھی بھرپور شرکت کرے گی جو دونوں اداروں کے ترقیاتی اہداف سے مطابقت رکھتے ہوں۔یہ اشتراک عمل طلبہ کو کمیونٹی پر مبنی منصوبوں میں شمولیت کا موقع دے گا اور انہیں سماجی خدمات کے شعبہ میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ عملی تجربہ حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :