مون سون کے دوران پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے احتیاط لازم ہے ، ڈاکٹر عامر شہزاد

جمعہ 18 جولائی 2025 17:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) مون سون کے دوران پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے احتیاط لازم ہے ، مون سون کے حالیہ سلسلے کے باعث پانی سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں، جیسے اسہال، ہیضہ، ٹائیفائیڈ، ڈینگی اور جلدی انفیکشنز کے پھیلاؤ کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر عامر شہزاد نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک میں منعقدہ صحت آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مون سون کے موسم میں شہریوں کو صاف پانی کے استعمال، خوراک کی صفائی، ہاتھ دھونے کی عادت، اور مناسب نکاسی آب کی سہولیات کی دستیابی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ پانی سے پیدا ہونے والی وبائی بیماریوں سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ گندے پانی کے جمع ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے ڈینگی بخار جیسے مہلک مرض کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

ڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا کہ صحت مند معاشرہ صرف حکومتی کوششوں سے نہیں بلکہ عوامی شعور اور انفرادی ذمہ داری سے ممکن ہے۔ انہوں نے حکومت اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ گلیوں، نالیوں اور عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔آخر میں انہوں نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کی صحت خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت آگاہی مہمات اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔