کسان کارڈ فیز ٹو کیلئے ضلع میں تاحال 13 ہزار اور 444 درخواستیں آن لائن وصول ہو چکی ہیں،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سیالکوٹ

جمعہ 18 جولائی 2025 18:35

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پنجاب کسان کارڈ فیز ٹو کیلئے سیالکوٹ ضلع میں تاحال 13 ہزار اور 444 درخواستیں آن لائن وصول ہو چکی ہیں اور 217 کسانوں نے مینول طریقے سے فیز ٹو میں اپلائی کیا ہے جبکہ جون 2024 تک فیز ون میں ضلع سیالکوٹ میں 9 ہزار 841 کسانوں کو پنجاب کسان کارڈز دیئے گئے تھے۔

یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سیالکوٹ سجاد حیدر نےکسان کارڈ کی رجسٹریشن کے حوالہ سے منعقد اجلاس میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس پنجاب کسان کارڈ کے تحت کاشتکاروں کیلئے بلا سود قرض کی رقم کی حد پانچ ایکڑ سے بڑھا کر 10 ایکڑ تک کر دی گئی ہے اور فی ایکڑ 30 ہزار روپے رقم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیز ٹو کے آغاز ہی سے کسان کارڈ کے حصول کےلئے کسانوں کی تعداد میں اضافہ اس سکیم پر کسانوں کے اعتماد کا اظہار ہے اور گزشتہ برس کسان کارڈز حاصل کرنے والے کسان بھی فیز ٹو کے بلا سود قرضہ سے مستفید ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سجاد حیدر نے کہا کہ گزشتہ برس بلا سود قرض حاصل کرنے والے 95 فیصد کاشتکاروں سے قرض واپس وصول ہو چکا ہے اور اب وہ فیز ٹو میں بھی مزید اس سہولت سے فائدہ حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈز کے ذریعے حاصل ہونے والے بلا سود قرض میں سے کاشتکار 30 فیصد نقد حاصل کر سکتا ہے جبکہ 20 فیصد کا ڈیزل اور باقی 50 فیصد سے مقرر کردہ ڈیلروں سے کھاد، بیج اور زرعی ادویات خرید سکتا ہے۔