عبداللہ ریاض‘انس رافے اور ایان محبوب نے خیبر پختونخوا جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیت لی

جمعہ 18 جولائی 2025 23:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء)پی اے ایف اکیڈمی پشاور کے عبداللہ ریاض‘انس رافے اور ایان محبوب نے خیبر پختونخوا جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیت لی‘ گزشتہ روز چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے منعقد ہوئے اس موقع پر صدر صوبائی سکواش ایسوسی ایشن اور سیکرٹری پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ دائود خان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ سکواش لیجنڈ اور صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمرزمان‘ نائب صدر کے پی سکواش ایسوسی ایشن احسان اللہ خان‘ ڈائریکٹر اکیڈمی پی ایس ایف عرفان اصغر‘وزیر محمد ‘سینئر کوچ و چیف آرگنائزر منور زمان اور سابق چیمپئن پلیئر و کوچ اطلس خان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘انڈر9 کے فائنل مقابلے میں عبداللہ ریاض نے عیسیٰ رافے کے ساتھ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ نو‘ گیارہ چار‘ تین گیارہ اور گیارہ پانچ سے کامیابی حاصل کی‘ انڈر11 کے فائنل میں پی اے ایف اکیڈمی پشاور کے انس رافے نے عاطف علی ناز کے خلاف گیارہ پانچ‘ گیارہ پانچ اور گیارہ پانچ سے کامیابی اپنے نام کی جبکہ انڈر13 کے فائنل میں پی اے ایف اکیڈمی پشاور کے ایان محبوب نے ایان خالد کے خلاف گیارہ تین‘ گیارہ سات‘ نو گیارہ اور گیارہ چار سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی جیت لی‘آخر میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :