مینگورہ میں پتنگ بجلی کی ہائی وولٹیج لائن سے ٹکرا گئی، 8سالہ بچہ جھلس کر زخمی، ہسپتال منتقل

جمعہ 18 جولائی 2025 19:20

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)مینگورہ کے علاقے پنجہ خان حاجی بابا میں پتنگ بازی ایک اور حادثے کا سبب بن گئی، جہاں 8 سالہ حسنین ولد گوہر علی بجلی کا کرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گیا۔واقعے کے مطابق حسنین گھر کی چھت پر کھیل رہا تھا کہ ایک پتنگ 11 ہزار وولٹ کی ہائی ٹینشن لائن میں پھنس گئی۔ حسنین نے لوہے کی سیخ اٹھا کر پتنگ کو چھڑانے کی کوشش کی، جس پر اسے زور دار کرنٹ لگا اور وہ بری طرح جھلس گیا۔

(جاری ہے)

زخمی بچے کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔علاقہ مکینوں اور شہریوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے فوری طور پر پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :