وزیراعلی مریم نوازکے عوام دوست ویژن کے تحت "پنجاب افورڈیبل ہائوسنگ پروگرام" کا آغاز کر دیا گیا

جمعہ 18 جولائی 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے عوام دوست ویژن کے تحت "پنجاب افورڈیبل ہائوسنگ پروگرام" کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے بے گھر افراد کو زمین سمیت تیار شدہ گھر فراہم کیے جائیں گے۔یہ منصوبہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کی توسیع ہے، تاہم اس میں صرف قرض کی فراہمی کے بجائے مکمل ملکیتی گھر اور پلاٹ فراہم کیے جائیں گے۔

محکمہ ہائوسنگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، پہلے مرحلے میں 20,000 گھروں کی تعمیر کی جائے گی، جس پر تقریبا 65 ارب روپے لاگت آئے گی، گھروں کی تعمیر کے لیے پنجاب کے 21 اضلاع میں موزوں مقامات کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب افورڈیبل ہائوسنگ پروگرام عمران علی سلطان نے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں منصوبے کے فنی و انتظامی پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری ہائوسنگ نے بتایا کہ یہ گھر ان افراد کو دیئے جائیں گے جن کے پاس اپنی زمین نہیں ہے۔"یہ منصوبہ ان لاکھوں افراد کے لیے ہے جو برسوں سے گھر کے خواب دیکھ رہے ہیں مگر زمین خریدنے کی سکت نہیں رکھتے" ۔انہوں نے مزید بتایا کہ گھروں کے لیے منتخب مقامات شہری آبادیوں کے قریب اور بہتر آبادکاری سہولیات سے آراستہ ہوں گے،سکول، مساجد، پارکس اور دیگر بنیادی سہولیات بھی ان ہائوسنگ اسکیموں میں فراہم کی جائیں گی، تاکہ رہائشیوں کو مکمل شہری سہولیات حاصل ہوں۔

منصوبے کے تحت یہ گھر آسان 20 سالہ اقساط میں فراہم کیے جائیں گے، جبکہ اہلیت کے معیار اور درخواست دینے کے طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے۔سیکرٹری ہائوسنگ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کے لیے ایسے منفرد، کم لاگت اور پائیدار منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں جو عام آدمی کے لیے بھی قابلِ حصول ہوں۔یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہر شہری کو باعزت رہائش فراہم کی جائے اور یہ ویژن ایک ایک فرد کے لیے عملی صورت اختیار کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :