رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری کا سندھی ادیب و مصنف مولانا عبدالقیوم جوہر بروہیؒ کے انتقال پرافسوس کا اظہار

ہفتہ 19 جولائی 2025 16:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے معروف عالم دین، ممتاز براہوی و سندھی ادیب اور درجنوں علمی و ادبی کتابوں کے مصنف مولانا عبدالقیوم جوہر بروہیؒ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ مولانا جوہر بروہیؒ کی پوری زندگی علم، ادب اور دین کی خدمت سے عبارت تھی۔

ان کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے علم و ادب کو دین کی دعوت کا ذریعہ بنایا۔ ان کے قلم نے ہمیشہ اصلاحِ معاشرہ، فکری بیداری اور دینی و قومی شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ ایم این اے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مرحوم نے سندھی و براہوی ادب میں گراں قدر اضافے کیے، ان کی تحریری کاوشیں اہل علم کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہزاروں لوگ ان کے علمی و ادبی کام سے مستفید ہوئے اور ان کی کتابیں آج بھی فکری رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ان کا انتقال ایک ایسا علمی و فکری خلا ہے جسے پر کرنا آسان نہیں۔ وہ ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت تھے جن کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے لواحقین اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔